جولائی تا فروری کے دوران20ارب 63کروڑ 50لاکھ روپے کی چینی درآمد کی گئی
257ارب44کروڑ 60لاکھ روپے کا خوردنی تیل درآمد کیا گیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران867ارب روپے کی کھانے پینے کی اشیاء درآمد کر لیں جو کہ گذشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے مقابلہ میں 56.48فیصدزائد ہے۔ بیرون ممالک سے پاکستان میں کھانے پینے کی اشیاء کی درآمد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس سے پاکستان کے درآمدی بل میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ رواں سال جولائی سے فروری کے دوران 867ارب روپے کھانے پینے کی اشیاء درآمد کی گئی ہیں۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا فروری کے دوران20ارب 63کروڑ 50لاکھ روپے کی چینی درآمد کی گئی ہے۔ جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصی میں چینی کی درآمد33کروڑ40لاکھ روپے تھی۔ جولائی سے فروری کے دوران 147ارب56کروڑ 30لاکھ روپے کی گندم درآمد کی گئی ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ گندم کی درآمد صفر تھی۔ گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں سال کے آٹھ ماہ میں میوہ جات کی درآمد میں 194.35فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ 10ارب47کروڑ 60لاکھ روپے رہیں، جو گذشتہ سال اسی عرصہ میں تین ارب 55کروڑ 90لاکھ روپے رہی تھیں۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران 257ارب44کروڑ 60لاکھ روپے کا خوردنی تیل درآمد کیا گیا جو گذشتہ سال اسی عرصہ میں 184ارب24کروڑ90لاکھ تھا۔