کمپنیوں کی اوگرا سے گیس مہنگی کرنے کی درخواست
فی یونٹ گیس پر 857روپے 40پیسے اضافہ دیا جائے،درخواست میں استدعا
اسلام آباد (ویب نیوز)سوئی گیس کمپنیوں نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے گیس مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔ سوئی گیس کمپنیوں کی جانب سے آئندہ مالی سال یکم جولائی سے گیس مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اوگرا کے مطابق سوئی ناردرن نے مجموعی طور پر325ارب روپے کا ریونیو شارٹ فال ظاہر کیا ہے جبکہ سوئی ناردرن نے 34ارب99کروڑ روپے کا ریونیو شارٹ فال بتایاہے۔ سوئی ناردرن کی طرف سے اوگرا کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ انہیں فی یونٹ گیس پر 857روپے 40پیسے اضافہ دیا جائے۔ جبکہ سوئی سدرن نے109روپے70پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست کی ہے۔جبکہ سوئی سدرن نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا ہے کہ انہیں ایل این جی کی کاسٹ سروس کی مد میں بھی 16ارب71کروڑ روپے درکار ہوں گے۔ سوئی ناردرن کی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی میں اس کو71ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامنا ہے جبکہ گذشتہ مالی سالوں کی مد میں بھی اسے 254ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا سامناہے۔مجموعی طور پر سوئی ناردرن کی طرف سے325ارب روپے کا شارٹ فال بتایا گیا جبکہ سوئی ناردرن نے سردیوں میں صارفین کو فراہم کی گئی، ایل این جی گیس کی مد میں 27ارب 94کروڑ روپے مانگ لئے ہیں۔ درخواستوں پر حتمی فیصلہ اوگرا فریقین کے دلائل سننے کے بعد کرے گا۔ جبکہ اوگرا نے ان درخواستوں پر متاثرہ عوام اور صارفین سے 14روز کے اندر رائے طلب کر لی ہے۔