سری نگر (ویب ڈیسک)
بھارتی فوج نے سری نگر میں ایک دو منزلہ مکان کو حریت پسندوں کی کمین گاہ قراردے کر مارٹر گولے داغ کر تباہ کر دیا تاہم مکان کے ملبے سے کوئی ہتھیار ملا نہ کسی حریت پسند کی لاش،۔ بھارتی فوج نے سرینگر کے مضافاتی علاقے گلاب باغ زکورہ میں18گھنٹے تک محاصرہ کی کارروائی جاری رکھی۔کے پی آئی کے مطابق اس دوران عجاز احمد شاہ ولد محمد امین نامی شہری کا عالی شان رہائشی مکان پر درجنوں ماررٹر گولے برسائے گئے ۔ فوجی حکام کا دعوی تھا کہ اس مکان میں حریت پسند چھپے ہوئے ہیں تاہم کسی حریت پسند کا کوئی اتہ پتہ نہیں چلا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق مکان زیر تعمیر تھا اس میں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔ ادھر امام صاحب شوپیان میں فائرنگ کے ایک واقعے کے بعد فوج نے محاصرے میں لے لیا ہے ۔جنوبی کشمیر کے علاقے ہائی ہامہ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے ۔ اننت ناگ میںراجہ بانو نامی خاتون جو دو روز قبل آتشزدگی میں جھلس کر زخمی ہوئی تھی جمعرات کو صدر اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی۔وسطی کشمیر کے گاندر بل ضلع کا ایک17سالہ مزدور عمر قادر گنائی سرینگر سونہ وار کے جی بی پنتھ اسپتال کے نزدیک سڑک کے ایک حادثے میں جمعرات کی صبح جاں بحق ہوگیا۔ بھارتی تحقیقاتی ایجنسی یا این آئی اے نے جمعرات کو جموں ائر پورٹ پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے ۔ این آئی اے نے دعوی کیا ہے کہ گرفتار ہونے والے کا تعلق جموں وکشمیر غزنوی فورس سے ہے ۔