وفاقی حکومت کا سوئس کیسز کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی حکومت نے سوئس کیسز کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ نے قومی احتساب بیورو(نیب)کے 2 سابق چیئرمین اور افسران کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)کو تحقیقات شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ 2011 سے2017 کے دوران نیب کے چیئرمین اور ذمہ دار افسران کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نیب کا 2011 سے 2017 کا دور تاریک ترین قرار دیا گیا ، نیب افسران نے عدالت کو گمراہ کرتے ہوئے تندہی سے سوئس کیسز بند کرانے میں کردار ادا کیا۔ذرائع کا کہنا تھاکہ نیب افسران کے کردار کی وجہ سے اصل ریکارڈ دستیاب ہونے کے باوجود سوئس کیسز بند کرائے گئے جبکہ سوئس کیسز سے متعلق نیب کے پاس اصل ریکارڈ موجود تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عندیہ دیا تھاکہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف سوئس اکاونٹس کیس دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔