کرونا وائرس کیسز کی تعداد ، امریکہ اور برازیل کے بعد بھارت تیسرے نمبر پر آگیا
گنجان آباد ملک بھارت میں کرونا کے مزید ایک لاکھ 45 ہزار 384 کیسز رپورٹ
لندن(ویب نیوز)دنیا بھر میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد کے حساب سے امریکہ اور برازیل کے بعد بھارت تیسرے نمبر پر آگیاہے، جنوبی ایشیا کے سات ممالک میں سامنے آنے والے کیسز میں سے 84 فی صد کیسز بھارت میں رپورٹ کیے گئے ہیں۔دنیا کے دوسرے گنجان آباد ملک بھارت میں ہفتے کو کرونا کے مزید ایک لاکھ 45 ہزار 384 کیسز رپورٹ کیے گئے۔ جو کہ دنیا بھر میں سامنے آنے والے یومیہ کیسز میں سب سے زیادہ ہیں۔بھارت میں ہفتے کو وبا کے سبب مزید 794 اموات بھی ہوئیں۔حکومت کے مطابق کرونا کیسز میں حالیہ اضافے کی وجہ لوگوں کا بڑے اجتماعات میں شریک ہونا اور احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا ہے۔بھارت میں لگ بھگ 40 لاکھ لوگوں کو یومیہ ویکسین لگائے جا رہی ہے۔ جب کہ اکثر ریاستوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے مطلوبہ تعداد میں ویکسین فراہم نہیں کی جا رہی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان اس خطے میں وبا سے دوسرا متاثرہ ملک ہے اور ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے۔پاکستان میں اب تک اس وبا کے سبب لگ بھگ سات لاکھ افراد متاثر جب کہ 15 ہزار اموات ہوئی ہیں۔پاکستان میں حالیہ 10 دنوں میں کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت انتہائی نگہداشت وارڈز میں داخل مریضوں کی تعداد وبا پھوٹنے کے بعد سب سے زیادہ ہے۔بنگلہ دیش میں بھی کرونا وائرس کے لگ بھگ یومیہ سات ہزار اموات رپورٹ کی گئی ہیں اور اس وبا سے بنگلہ دیش میں اب تک چھ لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی طرف سے بنگلہ دیش کو ایسٹرا زینیکا کی 12 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئی ہیں۔ ان ممالک میں جمعے تک نو کروڑ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جا چکی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق جنوبی ایشیائی ممالک میں، جن میں بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، مالدیپ اور سری لنکا شامل ہیں، دنیا بھر میں رپورٹ کیے جانے والے کیسز میں سے 11 فی صد کیسز رپورٹ ہوئے۔ جب کہ دنیا بھر میں اس مہلک وبا سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے چھ فی صد ہلاکتیں ان جنوبی ایشیائی ممالک میں ہوئیں۔خیال رہے کہ دنیا کی کل سات ارب 59 کروڑ آبادی کا 23 فی صد حصہ ان ممالک میں رہائش پذیر ہے۔