اسلام آباد (ویب ڈیسک)
حکومت پاکستان کی جانب سے جمعہ کو 4 گھنٹے کیلئے بند کیے جانے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بحال کردیے گئے، حکومت نے ملک بھر میں سوشل میڈیا پر صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک پابندی عائد کردی تھی۔وزارت داخلہ کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو جمعہ کو 4 گھنٹے کیلئے بند کردیا تھا۔ جس کے تحت ٹوئٹر، فیس بک ، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ کو بند کیا گیا۔اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر سروسز کو بند کیا، جن سروسز کو بند کیا گیا ان میں واٹس ایپ، ٹوئٹر،فیس بک اورٹیلی گرام شامل ہیں۔ملک بھر میں چار گھنٹے تک بند کیے جانے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تین بجے بحال کردیا گیا،حکومت کو نمازجمعہ کے بعد ٹی ایل پی کے کارکنوں کے احتجاج کا خدشہ تھا، جس پر وزارت داخلہ نے 11 سے 3 بجے تک سوشل میڈیا بلاک کرنے کے احکامات جاری کیے، اور پی ٹی اے کو ٹویٹر، فیس بک، واٹس ایپ سمیت دیگر پلیٹ فارمز کو بلاک رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئیں.