کراچی (ویب ڈیسک)

پاکستان میں کورونا وائرس بے قابو، وباء نے عید کی خوشیاں نگل لیں، اسٹیٹ بینک نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے عیدالفطر پر نئے نوٹ جاری کرنے سے انکار کردیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں وباء کے پھیلائو کو روکنے کیلئے امسال بھی عید الفطر پر نئے نوٹ نہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور حکومت کی جانب سے باربارتنبیہ کی جارہی ہے اور آئندہ کچھ دنوں میں پاکستان میں دوبارہ سخت لاک ڈائو ن کاقوی امکان ہے۔یاد رہے کہ ہر عید پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے نوٹوں کااجراء  کیا جاتا ہے اور یہ نوٹ بچوں اور بڑوں کو عیدی دی جاتی ہے جس سے بچوں کی خوشی دیدنی ہوتی ہے تاہم گزشتہ سال کی طرح امسال بھی کورونا وائرس کی تیزی کی وجہ سے نئے نوٹ جاری نہ کرنے کے فیصلے پرنئے نوٹوں کے خواہشمند افراد  نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے تاہم بیشتر افراد نے اسٹیٹ بینک کے اس اقدام کو سراہا ہے۔