لاہور (ویب ڈیسک)
سارک چیمبر آف کامرس نے کورونا سے بری طرح متاثرہ بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارک ممالک کو کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں اور کوویڈ 19 ہنگامی فنڈ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ سارک چیمبر کے صدر افتخار علی ملک نے منگل کو یہاں میاں فیض بخش ارائیں کی سربراہی میں ایک تھنک ٹینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں کوویڈ کے بڑے پیمانے پر پھیلائو کی وجہ سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہم مکمل یکجہتی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ اس وباء کی موجودہ لہر نے اس خطے کو شدید متاثر کیا ہے اس لئے مل کر اس کا مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ جنوبی ایشیائی ممالک کے لئے ضروری ہے کہ کنفیوژن اور خوف کا شکار ہونے کی بجائے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سارک کے رکن ممالک پختہ عزم کے ساتھ آگے بڑھ کر پوری دنیا کے لئے ایک مثال قائم کریں اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ کورونا وائرس دنیا بھر کے انسانوں کے لئے بڑا خطرہ ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ معیشت ، ملازمتوں، صنعت اور تجارت کو کورونا وائرس کے منفی اثرات سے بچانے کے لئے سارک حکومتوں کو مقامی اور بین الاقوامی ذرائع سے ضروری ہنگامی فنڈنگ کے لئے فعال اور ہم آہنگ کوششیں کرنی چاہئے۔ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کے خلاف بہترین اقدامات کو سراہتے ہوئے افتخار ملک نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان اس وبا سے نمٹنے کے لئے تمام دستیاب وسائل سے استفادہ کر رہا ہے۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات خصوصا کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہو کر کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وباء سے نمٹنے کے لئے سارک ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔