پاکستانی سائنسدانوں نے آئی لیو وینٹی لیٹر تیار کر لیا، ڈریپ نے استعمال کی منظوری دیدی
وینٹی لیٹر پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے مقام وسائل سے تمام تر مروجہ طبی معیارات کے مطابق تیار کیا
اسلام آباد(ویب نیوز) پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن(پی اے ای سی)نے قومی توقعات پر پورا اترتے ہوئے کورونا وبا کے تناظر میں ملکی وسائل سے تیار کردہ پہلا آئی سی یو وینٹی لیٹر آئی لیو (i-Live)کے نام سے متعارف کرا دیا ہے، ڈریپ نے اس وینٹی لیٹرکے استعمال اور تیاری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے ۔بدھ کو پی اے ای سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ وینٹی لیٹر پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے مقام وسائل سے تمام تر مروجہ طبی معیارات کے مطابق تیار کیا ہے۔اس سلسلہ میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرزنے بھی قابل قدر رہنمائی فراہم کی۔ بہت سے سائنس جانچ کے علاوہ یہ وینٹی لیٹر پاکستان انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی سنٹر(پی آئی ٹی سی)اور پاکستان انجینئرنگ کونسل(پی ای سی)کے معیارات پر بھی پورا اترا ہے۔اس وینٹی لیٹر مشین پر جناح ہسپتال لاہور میں بھی جانچ کی گئی۔ اس جانچ میں بہت سے ماہرین جن میں طب ماہرین، بائیو ٹیکنالوجی اور بائیو میڈیکل انجینئرز شامل تھے، نے اس کو کامیاب قرار دیا ہے۔پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ترجمان شاہد ریاض خان نے بتایا کہ ڈریپ نے ایٹمی توانائی کمیشن کے تیار کردہ اس وینٹی لیٹرکے استعمال اور تیاری کی با قاعدہ منظوری دے دی ہے اور اس طرح یہ ملک میں تیار کردہ پہلا وینٹی لیٹر ہے جسے ڈریپ نے منظور کیا ہے۔اس موقع پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سربراہ محمد نعیم نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ ڈریپ کی اس فائنل منظور ی کے بعد I-Liveنام اس وینٹی لیٹر کے بڑے پیمانے پر تیاری شروع کرد جائے گی تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں مریضوں کو جلد از جلد یہ سہولت مہیا کی جاسکے۔