ممبئی (ویب ڈیسک)
بھارت میں کورونا کے ٹیکے لگانے کی مہم زور و شور سے جاری ہے تاہم ممبئی میں ویکسین کا اسٹاک ختم ہوجانے کے باعث تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو 3 روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں آج بھی کورونا کے نئے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار اور 452 رہی ہے جب کہ 3 ہزار 498 افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہوکر ہلاک ہوگئے جب کہ اس ہولناک صورت حال میں ممبئی کے تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو تین روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
مودی سرکار کا کورونا کے ٹیکے لگانے کی مہم کے بارے میں ہمیشہ سے یہی کہنا رہا ہے کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم ہے تاہم آج ممبئی میں کورونا ویکسین کا ذخیرہ ختم ہونے کی وجہ سے شہر بھر کے تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو بند کردیا گیا ہے۔
بھارت میں اس وقت دو ویکسین لگائی جارہی ہیں، ایک ویکسین بھارتی کمپنی کی ہے جب کہ دوسری آسٹرازینیکا کی ہے تاہم وہ بھی مقامی سطح پر تیار کی جا رہی ہے جب کہ اب روس کی اسپوٹنگ وی کورونا ویکسین کی بھی منظوری دی جاچکی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں اب تک 7 کروڑ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے، اس کے باوجود نئے کیسز کی یومیہ تعداد پونے چار لاکھ کے قریب ہے جب کہ مجموعی طور پر دو لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور 1 کروڑ 85 لاکھ سے زائد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔