پی ٹی اے کی موبائل نمبر پورٹیبلٹی کے نفاذ کے لئے سری لنکا کے ٹیلی کام ریگولیٹر کو تکنیکی معاونت کی فراہمی
اسلام آباد (ویب نیوز ): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سری لنکا میں موبائل نمبر پورٹیبلٹی (ایم این پی) کے کامیاب نفاذ کے لئے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن آف سری لنکا (ٹی آر سی ایس ایل) کو تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
سری لنکن ریگولیٹر اپنے ملک میں موبائل فون صارفین کے لئے ایم این پی متعارف کرانے کیلئے اقدامات ا ٹھا رہا ہے اس حوالے سے وہ پی ٹی اے کا طریقہ کار اخیتار کرنے کا خواہاں ہے۔ واضح رہے کہ ایم این پی کے ذریعے موبائل فون صارف اپنا نمبر تبدیل کیے بغیر اپنا نیٹ ورک تبدیل کرسکتا ہے۔ پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک تھا جس نے 2007 میں اپنے موبائل فون صارفین کے لئے یہ سہولت متعارف کروائی تھی۔
پی ٹی اے نے ایم این پی کے حوالے سے سری لنکن ریگولیٹر کے نما ئندوں کیلئے ورکشاپس منعقد کی ہیں اور بہترین طریقہ کار اور متعلقہ امور سے متعلق مشاورت بھی فراہم کی ہے۔ٹی آر سی ایس ایل نے سری لنکا میں پاکستان کی طرز پر ایم این پی ماڈل کے لئے پی ٹی اے کے تعاون کو سراہا ہے۔ دونوں ریگولیٹرز کے مابین یہ تعاون گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔