پاکستان اور برطانیہ کی باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے آئی سی سی آئی اور یو کے پی بی سی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ
نجی شعبوں کو قریب لا کر پاکستان اور برطانیہ سالانہ باہمی تجارت 10ارب پاؤنڈ تک بڑھا سکتے ہیں۔ سردار یاسر الیاس خان
پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے دونوں ادارے برطانیہ میں ایک انوسٹمنٹ کانفرنس منعقد کریں گے

اسلام آباد (ویب نیوز  ) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر طور پر فروغ دینے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور یوکے پاکستان بزنس کونسل (یو کے پی بی سی) پاکستان چیپٹر کے مابین باہمی تعاون کا ایک معاہدہ طے پایا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور یوکے پاکستان بزنس کونسل (پاکستان چیپٹر) کے صدر خورشید برلاس نے باہمی تعاون کے معاہدے پردستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یوکے پاکستان بزنس کونسل برطانیہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کیلئے مثبت کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے دونوں ادارے آئندہ چند ماہ میں برطانیہ میں پاکستان کے بارے میں ایک انوسٹمنٹ کانفرنس منعقد کریں گے تا کہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں اور اسپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقعوں سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور برطانونی سرمایہ کاروں کو آگاہ کر سکیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کئے جائیں تو پاکستان اور برطانیہ کی باہمی تجارت موجودہ 3ارب پاؤنڈ سے ترقی کر کے 10ارب پاؤنڈ سالانہ تک بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی اور یو کے پی بی سی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے قریب لانے، باہمی تجارت، کاروباری شراکتوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ کی کمپنیوں کا پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ قریبی تعاون فروغ پانے سے پاکستان کو ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے میں سہولت ہو گی جس سے ہماری برآمدات میں بہتر اضافہ ہو گا۔
پاکستان یو کے بزنس کونسل (پاکستان چیپٹر) کے صدر خورشید برلاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی کونسل پاکستان اور برطانیہ کے مابین مضبوط کاروباری تعلقات قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کونسل اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط مضبوط کرنے کیلئے کوششیں کرے گی تا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں سہولت محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے ایک دوسرے کے ملک میں پائے جانے والے کاروباراور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں باقاعدگی کے ساتھ آپس میں معلومات کا تبادلہ کریں گے تا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کاروبار اور سرمایہ کاری کے تمام ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکے۔