اسلام آباد (ویب ڈیسک)
جڑواں شہروں میں نماز عید کے بعد فلسطین میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
فیصل مسجد اسلام آباد میں نماز عید ادا کی گئی۔ نماز کے بعد کورونا کے خاتمے اور فلسطین میں امن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
نماز عید کے بعد جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نائب امیر میاں اسلم نے کی۔ مظاہرین نے اسرائیل مخالف نعرے بازی کی۔
احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کے حق میں درج نعروں والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
ادھر راولپنڈی لیاقت باغ میں بھی سب سے بڑا اجتماع نماز عید ہوا اور نماز کورونا ایس او پیز کے تحت ادا کی گئی۔ لیاقت باغ میں نماز عید ادا کرتے ہی اسلامی جمعیت طلباء نے لیاقت باغ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے حکمرانوں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسجد اقصی کی بے حرمتی کرنے کی تحقیقات کرائی جائیں اور فلسطینیوں پر مظالم فوری بند کیے جائیں۔ احتجاج کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگے۔