بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن سوسائٹی ڈے 17 مئی 2021 کے موقع پرچیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ)عامر عظیم باجوہ کا پیغام
اسلام آباد (ویب نیوز ) ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن سوسائٹی (ڈبلیو ٹی آئی ایس ڈی) ڈے 17 مئی کو منایا جارہا ہے اور اس سال کا مرکزی خیال ”مشکل صورتحال میں ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا فروغ” دنیا اور پاکستان کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے معاشی نمو میں اضافہ، عدم مساوات میں کمی اور مالی شمولیت کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
اس سال کے مرکزی خیال کے حوالے سے مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ پی ٹی اے کرونا وائرس کے دوران مختلف شعبوں میں معیاری ڈیجیٹل خدمات کی دستیابی کے حوالے سے ٹیلی کام شعبے کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ پی ٹی اے جدید دور کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) کے ذریعہ معاشرے کے تمام طبقات کو ترقی دینے کے حکومتی ہدف پورا کر نے لئے مصروف عمل ہے۔
پاکستان میں ٹیلی کام کا شعبہ عوام کے معاشی مستقبل کو نئی جہت دینے اور ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب قدم بڑھانے کے حوالے سے دیگر شعبوں کے لئے رول ماڈل بن چکا ہے۔کوویڈ 19 کی وجہ سے ڈیجیٹل تبدیلی کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔ جیسے جیسے دنیا نئے معمولات سے ہم آہنگ ہو رہی ہے ٹیلی کام کے شعبہ کی ترجیحات بھی بدل رہی ہیں اور رسائی و دستیابی سے بڑھ کر وسعت اورمعیاری خدمات کی تسلسل سے فراہمی نئے معیار بنتے جا رہے ہیں۔ اسی مناسبت سے، دنیا بھر کے ریگولیٹرز اپنے ریگولیٹری امور پر نظر ثانی کر رہے ہیں تاکہ بین الاقوامی ٹیلی کمیونٹیوں اور صحت کی تنظیموں کی معاونت سے محفوظ، قابل اعتماد، تیز رفتار، سستی اور جدید ٹیلی کام خدمات کو یقینی بنائیں۔
اس مقصد کے لئے، پی ٹی اے ملک کے ہر گوشے تک براڈ بینڈ خدمات کی فراہمی اور اس کے معیار پر زور دے رہا ہے۔ پاکستان میں اب 100 ملین سے زائد براڈ بینڈ صارفین اور 85 فیصد ٹیلی ڈینسٹی ہے، 181 ملین سے زیادہ موبائل فون صارفین اور 2.4 ملین فکسڈ لائن صارفین ہیں۔ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں 88فیصد پاکستانیوں کو سستی ترین انٹرنیٹ / براڈ بینڈ خدمات تک رسائی حاصل ہے۔
پی ٹی اے صارفین اور کاروباری اداروں کے لئے اپنا تعاون جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے تاکہ اس مشکل وقت میں ٹیلی کمیونیکیشن کی معیاری خدمات سب کے لئے میسر ہوں۔پی ٹی اے ٹیلی کام اور آئی سی ٹی انفراسٹرکچر کے فروغ کے حوالے سے ڈیجیٹل انقلاب کے نفاذ کی کوششوں میں سرفہرست ہے۔