اسلام آباد (ویب ڈیسک)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر25مئی کوہونے والی سماعت کاتحریری حکم نامہ جاری کردیاہے، عدالت عالیہ کے ججزجسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اختر کیانی نے ایک صفحہ پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمرہ عدالت میں موجود ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ عدالت کے بلانے پر روسٹرم پر آئے ،عدالت نے نواز شریف کے اشتہاری ہوجانے کے بعد ان کی اپیلوں سے متعلق استفسار کیا کہ نواز شریف کی عدم موجودگی میں اپیلیں کیسے آگے بڑھائی جائیں ،حکم میں کہا گیا ہے کہ اعظم نذیر تارڑ نے ابتدائی طور پر دو قسم کے دلائل عدالت کے سامنے رکھے ،اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ نوازشریف کی اپیل عدم پیروی پر یا مستر د کردی جائے یا التوا میں رکھی جائے ،اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ مستقبل میں نواز شریف چاہیں تو سرنڈر کرنے کے بعد اپنی اپیل بحال کراسکتے ہیں ،عدالت نے قراردیا کہ اعظم نذیر تارڑ نے عدالتی نظیریں پیش کرنے کے لئے عدالت سے کچھ وقت مانگاہے ،جبکہ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ نوازشریف کی اپیل مسترد کی جائے،وکیل نیب نے دلائل میں کہا کہ نوازشریف کی اپیل میرٹ پر مسترد کی جائے ،حکم میں کہا گیا کہ کہ نیب پراسیکیوٹر کی عدالتی نظیروں کو مدنظر رکھ کر عدالتی معاونت کے لئے مہلت کی استدعا منظورکی جاتی ہے اور نواز شریف ،مریم نواز ،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلوں پر سماعت 9جون تک ملتوی کی جاتی ہے ۔