سوشل میڈیا کنٹرول نہ ہوا تو پاکستان کیخلاف سازش کی جا سکتی ہے،لاہور ہائیکورٹ

 اگر کوئی بیرون ملک سے نامناسب مواد اپ لوڈ کرے تو اسکا ٹرائل کیسے ہو گا،چیف جسٹس قاسم خان

 قانون موجود ہے اگر کوئی بیرون ملک بیٹھ کر بھی کچھ اپ لوڈ کرتا ہے تو اسکے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے،وکیل درخواستگزار

عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے کے لیے ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو تیاری کرنے کی ہدایت کردی

لاہور(ویب  نیوز)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کنٹرول نہ ہوا تو بیرون ملک بیٹھ کے پاکستان کے خلاف سازش کی جا سکتی ہے۔منگل کو لاہور ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کو نہ ہٹانے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے استفسار کیا کہ اگر کوئی بیرون ملک سے نامناسب مواد اپ لوڈ کرے تو اسکا ٹرائل کیسے ہو گا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ قانون موجود ہے اگر کوئی بیرون ملک بیٹھ کر بھی کچھ اپ لوڈ کرتا ہے تو اسکے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک آدمی اگر برطانیہ میں قتل ہو جاتا ہے تو پاکستان میں ٹرائل نہیں ہو سکتا۔ فیس بک ،ٹویٹر ،انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا کنٹرول نہ ہوا توباہر سے بیٹھ کر بغاوت کے لیے ابھارا جا سکتا ہے، اگر یہ کنٹرول نہ ہوا تو بیرون ملک بیٹھ کے پاکستان کے خلاف سازش کی جا سکتی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے سماعت آئندہ ہفتے کے لیے ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو تیاری کرنے کی ہدایت کردی۔