عمران خان بتائیں کہ کورونا با کا مقابلہ کرنے کیلئے ورلڈ بینک کے 200 ملین ڈالر کہاں خرچ کردئیے؟
پی ٹی آئی حکومت آڈیٹر جنرل رپورٹ کے اعدادوشمار میں ہیرپھیر کی کوششوں کو بند کرکے رپورٹ کا اجرا کرے،بلاول
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کی وبا سے بچائو کے حوالے سے عالمی اداروں کے فنڈز کا وزیراعظم عمران خان سے حساب مانگ لیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے آئی ایم ایف نے پاکستان کو سوا ارب ڈالر دئیے، وہ امداد کہاں خرچ ہوئی؟ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے کرونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد دی، بتایا جائے کہ یہ فنڈ کن منصوبوں پر لگایا گیا؟عمران خان بتائیں کہ کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے انہوں نے ورلڈ بینک کے 200 ملین ڈالر کہاں خرچ کردئیے؟ وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں پاکستانیوں نے جو اربوں روپے جمع کرائے، ان فنڈز کو کہاں خرچ کیا گیا؟۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران جمع ہونے والے فنڈز میں گھپلوں کو چھپانے کیلئے آڈیٹر جنرل رپورٹ کو روکا ہوا ہے، کورونا وائرس کے کھربوں روپے کے مالیاتی پیکج میں گھپلوں پر قوم عمران خان کو معاف نہیں کرے گی۔ پی ٹی آئی حکومت آڈیٹر جنرل رپورٹ کے اعدادوشمار میں ہیرپھیر کی کوششوں کو بند کرکے فی الفور آڈٹ رپورٹ کا اجرا کرے۔پی ٹی آئی حکومت نے اپنی نااہلی اور کرپشن سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے بدترین بحرانوں کے دوران پی ٹی آئی کے کرپشن سکینڈل لمحہ فکریہ ہیں۔عوام کو مہنگائی کے حوالے کرکے پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے،ملکی معیشت کی تباہی کی ایک وجہ عمران خان کی سرپرستی میں لوٹ مار کرنے والی مافیا کی کرپشن بھی ہے۔1