لاہور (ویب ڈیسک)
ملک بھر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، امریکی ڈالر مہنگا ہونے کے باعث دوبارہ 155 روپے کی حد کر گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 69 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی قیمت 154 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 155 روپے 31 پیسے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ 10 مئی تک روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 152 روپے کے قریب تھی تاہم گزشتہ ایک ماہ کے دوران امریکی کرنسی کی قدر میں تیزی ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کے باعث ایک ماہ کے دوران روپیہ دباؤ کا شکار ہے اور ڈالر 3 روپے مہنگا ہو گیا ہے۔