برسلز (ویب ڈیسک)
بھارت نے باسمتی چاول کی قسم پر مکمل حقِ ملکیت حاصل کرنے کی درخواست یورپی یونین میں دی تو اس کے ساتھ ہی پاکستان کے ساتھ ایک نئے تنازعے نے جنم لے لیا۔ یہ درخواست پاکستان کے باسمتی چاول کی ایکسپورٹ کے لیے خطرے کا باعث ہو سکتی ہے۔ پاکستان نے یورپی کمیشن میں اس بھارتی دعوے کی مخالفت کرتے ہوئے ‘پروٹیکٹڈ جیوگرافیکل انڈیکیشن (PGI) کی جوابی درخواست جمع کرا دی۔جرمن ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق لاہور کے قریب چاول کی ایک مل کے شریک مالک غلام مرتضی کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ دعوی چاول کی پاکستان صنعت پر ایک بم گرانے سے کم نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت عالمی منڈی میں باسمتی چاول کی برآمد پر پاکستانی مارکیٹ کو غضب کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی سرحد کے آرپار چاول اگایا جاتا ہے۔پاکستان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر ملک فیصل جہانگیر کا کہنا ہے کہ پاکستانی باسمتی زیادہ آرگینک اور بہتر ذائقے کا حامل ہے۔ جہانگیر کے مطابق پاکستان بھارت کو قائل کرنے میں کامیاب رہے گا اور ایک نئی درخواست ‘مشترکہ ورثے کے طور پر جمع کرائی جانے کا امکان موجود ہے۔ فیصل جہانگیر کے مطابق دونوں ممالک اس معاملے کو حل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔یورپی یونین کے ضابطوں کے مطابق دونوں ممالک خوش اسلوبی سے اس معاملے کو حل کریں اور انہیں ستمبر تک کی مہلت دی گئی ہے۔ پاکستان سے باسمتی چاول کی برآمد گزشتہ تین برسوں سے یورپی یونین تک خاصی بڑھ گئی ہے۔ یورپی کمیشن کے مطابق تین لاکھ ٹن باسمتی چاول کی طلب پاکستان سے پوری کی جاتی ہے۔اس وقت دنیا بھر میں باسمتی چاول کے ایکسپورٹر پاکستان اور بھارت ہیں۔ چاول کی بین الاقوامی برآمد سے بھارت کو سالانہ 6.8 بلین ڈالر حاصل ہوتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان اس مد میں سالانہ 2.2 بلین ڈالر کماتا ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق چاول کی برآمد میں پاکستان کو چوتھی پوزیشن حاصل ہے۔چاول کی پیداوار ایسے علاقوں میں بہتر ہوتی ہے جہاں بارشوں کا تناسب زیادہ ہو اور فصل کی دیکھ بھال کے لیے افرادی قوت بھی موجود ہو۔ کم بارشوں والے علاقوں میں فصل کے لیے پانی بہم پہنچانا اچھا خاصا منہگا پڑتا ہے کیونکہ چاول کی فصل بے تحاشا پانی مانگتی ہے۔باسمتی چاول صرف بھارت اور پاکستان سے ہی عالمی منڈی میں پہنچتا ہے۔ جنوب مشرقی ایشیا کے ان دونوں ممالک میں باسمتی چاول کو بنیادی خوراک کی حیثیت حاصل ہے۔ اس کو مختلف ذائقوں کے ساتھ پکایا جاتا ہے۔ اس میں خاص طور پر گوشت کے پلا اور بریانی کو بہت شوق و ذوق اور رغبت سے لوگ کھاتے ہیں۔