بجٹ کو عمران خان نے سیاسی انداز سے تقسیم کرکے ملک میں احساس محرومی بڑھادیا،بلاول
شعبہ تعلیم کیلئے بجٹ میں 5.5 فیصد فنڈز مختص کرکے عمران خان نے قوم کے مستقبل کیساتھ مذاق کیا
سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایک سلیکٹڈ بجٹ بنایا جسے کسی طور قبول نہیں کریں گے،بیان
اسلام آباد(ویب نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کو عمران خان نے سیاسی انداز سے تقسیم کرکے ملک میں احساس محرومی بڑھادیا۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بجٹ میں شعبہ صحت کے لئے صرف 30 ارب روپے مختص کرنا عوام کو کورونا وائرس کی وبا کے حوالے کردینے کے مترادف ہے اور شعبہ صحت کے لئے بجٹ میں صرف 3.3 فیصد فنڈز مختص کرکے پی ٹی آئی حکومت نے واضح کردیا کہ عوام کی صحت ان کی اولین ترجیح نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو خوش کرنے کے لئے بجٹ میں 68 ارب روپے اور وبا سے بچائو کے لئے صرف پانچ ارب روپے کے فنڈز رکھنا عوام دشمنی کی انتہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ تعلیم کے لئے بجٹ میں صرف 5.5 فیصد فنڈز مختص کرکے عمران خان نے قوم کے مستقبل کے ساتھ ایک مذاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! اگر سڑکیں بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتے تو اپنی حکومت کے آخری سے پہلے ترقیاتی بجٹ میں 38 فیصد کا اضافہ کیوں کیا؟۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں شعبہ صحت و تعلیم کو نظر انداز کرکے اگلے دو سال تک شاید کبھی نہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے افتتاح سے عمران خان کی نااہلی نہیں چھپ سکے گی۔انہوں نے اس موقع پر ایک اہم نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کو بھی عمران خان نے سیاسی انداز سے تقسیم کرکے ملک میں احساس محرومی کو بڑھادیا اور جہاں پی ٹی آئی کی حکومت تھی، عمران خان نے ان صوبوں کے لئے زیادہ ترقیاتی بجٹ رکھ کر یہ ثابت کیا کہ وہ خود کو پورے پاکستان کا وزیراعظم نہیں سمجھتے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایک سلیکٹڈ بجٹ بنایا جسے کسی طور قبول نہیں کریں گے۔