اس مشکل وقت میں ہم بحریہ ٹاؤن کراچی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں: سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی
اسلام آباد( ویب نیوز )فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے تمام عہدہداران بحریہ ٹاؤن کراچی میں احتجاج کے نام پر گھناؤنے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں، بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ افراد کے لواحقین اور کاروباری اداروں سے ہیں۔ اس طرح کے واقعات نہ صرف عوام کے لئے نقصان دہ ہیں بلکہ ان لوگوں کے لیے بھی جن نے اپنی زندگی بھر کی بچت سے سرمایہ کاری کی ہے اور وہ افراد بھی جو اپنی روزی روٹی کے لئے رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ اور انحصار کرتے ہیں۔اس کے علاوہ احتجاج کے نام پر املاک کو نقصان پہنچانا تمام شعبوں کے لئے ایک پریشان کن اشارہ ہے اوریہ معیشت کے لیے بھی بہت بڑا دھچکا ہے۔خواجہ شاہ زیب اکرم نے مزید کہا کہ ہم ایک بار پھر اس توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔وفاقی حکومت اور حکومت سندھ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایسے احتجاج کے خاتمے کے لئے سرکاری و نجی شعبے کے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف پی سی سی آئی عوام کی زندگیوں اور کاروباری اداروں کے تحفظ کا مطالبہ کرتی ہے ۔ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر نے مزید کہا کہ ان مجرموں کا اصل مقصد پاکستان کی ترقی کو روکنا اور پٹڑی سے اتارنا ہے۔ایف پی سی سی آئی بحریہ ٹاؤن کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم مل کر ایک بہتر پاکستان کی تعمیر جاری رکھیں گے۔