کینیڈا ‘ٹرک حملے میں جاں بحق پاکستانی نژاد خاندان کے 4افراد سپردِ خاک
نماز جنازہ میں کینیڈا کے اعلی حکام سمیت مختلف رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد کی بھی شرکت
میتوں کو کینیڈا کے پرچم میں لپٹے تابوتوں میں اسلامک سینٹر لایا گیا اور قریبی فٹ بال گراونڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی
شہداء کی کینیڈا کے پرچم میں تدفین سے ثابت ہوتا ہے کینیڈا کی پوری قوم دہشت گردی کے شکار خاندان کے ساتھ ہے،پاکستانی سفیر
اونٹاریو( ویب نیوز) کینیڈا میں دہشت گرد کے ٹرک حملے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی نژاد مسلمان خاندان کے 4افراد کی تدفین کردی گئی جس میں اعلی سرکاری حکام سمیت مختلف رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق
کینیڈا میں 20 سالہ دہشت گرد نے گاڑی کے انتظار میں کھڑے مسلمان خاندان کو ٹرک تلے کچل دیا تھا۔ واقعے میں شہید ہونے والے میاں بیوی، بیٹی اور والدہ کی تدفین کردی گئی۔میتوں کو کینیڈا کے پرچم میں لپٹے تابوتوں میں اسلامک سینٹر لایا گیا اور قریبی فٹ بال گراونڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی جب کہ کینیڈا کے اعلی حکام سمیت مختلف رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے آخری رسومات میں شرکت کی اور سوگواروں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔تدفین کے موقع پر موجود کینیڈا میں پاکستان کے سفیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہید ہونے والوں کی کینیڈا کے پرچم میں تدفین سے ثابت ہوتا ہے کہ کینیڈا کی پوری قوم دہشت گردی کے شکار خاندان کے ساتھ ہے۔واضح رہے کہ اونٹاریو میں 8جون کو 20سالہ نوجوان نے فٹ پاتھ پر کھڑے مسلم خاندان کو جان بوجھ کر کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں 74 اور 44سالہ خواتین، 46سالہ مرد اور 15سالہ لڑکی شہید ہوگئے تھے جبکہ واحد زندہ بچ جانے والا شدید زخمی 9سالہ لڑکا اسپتال میں زیر علاج ہے۔