اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ مالی سال 2020-21کے دوران دو لاکھ 50ہزار439افراد کے مفت علاج پر خیبر پختونخوا حکومت کو مبارکباد دی ہے۔ ان مریضوں کا علاج خیبر پختونخوا صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت کیا گیا۔ ہفتہ کے روز وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میںبتا یا گیا ہے کہ یہ وہ پاکستان ہے جس کی طرف ہم گا مزن ہیں اور جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا۔ جبکہ ٹویٹ کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز ایک انگریزی اخبار میں چھپنے والی خبر بھی شیئر کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سال 2020-21کے سات ماہ کے دوران دو لاکھ 50ہزار439افراد کا خیبر پختونخوا صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت مفت علاج کیا گیا۔ خبر کے مطابق علاج کروانے والوں کی اکثریت نے نجی ہسپتالوں میں اپنا علاج کروایا جکہ اقلیتی تعداد نے اپنا علاج سرکاری ہسپتالوں میں کروایا۔ حکومت نے اس سلسلہ میں مختلف ہسپتالوں کو سات ارب20کروڑ روپے کی رقم ادا کی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے معاہدے کے تحت گزشتہ مالی سال کے دوران اسٹیٹ لائف انشورینس کارپوریشن کو 13ارب روپے سے زائد کی رقم ادا کی ہے ۔انشورینس کمپنی باقی پانچ ارب روپے سے زائد کی رقم حکومت کو واپس کرے گی۔ مالی سال2021-22کے لئے یہ رقم 23ارب روپے رکھی گئی ہے جس سے خیبرپختونخوا کے75لاکھ کے قریب خاندان فائدہ اٹھائیں گے۔