قربانیوں ،مشکلات سے حاصل کئے جانیوالے امن سے استفادہ کیا جائے،آرمی چیف
خطرات کا قومی سطح پر جواب دینا وقت کی ضرورت ہے، قومی قیادت بلوچستان کو اہمیت دے رہی ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ
ہم ایک پرعزم قوم ہیں جو ہر مشکل گھڑی میں ترقی اور استحکام کے لیے ثابت قدم رہی ،قومی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب
راولپنڈی(ویب نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قربانیوں اور مشکلات سے حاصل کئے جانیوالے امن سے استفادہ کیا جائے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات بلوچستان کی ساتویں قومی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرے ہوئے کہی۔ورکشاپ میں ارکان پارلیمنٹ، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، شعبہ تعلیم اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ورکشاپ کا مقصد بلوچستان کی مستقبل کی قیادت کو اہم قومی اور صوبائی امور پر آگاہی دینا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کو شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اپنے خطاب میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر بھی بات کی، بلوچستان کا امن پاکستان میں ترقی کی ٹھوس بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ خطرات کا قومی سطح پر جواب دینا وقت کی ضرورت ہے، قومی قیادت بلوچستان کو اہمیت دے رہی ہے جبکہ فوج ملک کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، ہم ایک پرعزم قوم ہیں جو ہر مشکل گھڑی میں ترقی اور استحکام کے لیے ثابت قدم رہی،پائیدار استحکام کے لئے سماجی ومعاشی ترقی کی رفتار تیز کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ قربانیوں اور مشکلات سے حاصل امن کے ثمرات سمیٹے جائیں۔