نیویارک (ویب ڈیسک)
یوم شہدائے کشمیر کے سلسلے میں عالمی آگاہی تنظیم برائے جموں کشمیر کے زیر اہتمام نیویارک ٹائمز سکوائر میں بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے ۔ کشمیری تارکین وطن کے احتجاجی مظاہرے میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں عورتوں اور بچوں کے علاوہ امریکا میں مقیم سکھوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ جموں کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلوایا جائے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ روکا جائے ۔ احتجاجی مظاہرے کا اہتمام عالمی آگاہی تنظیم برائے جموں کشمیر نے کیا تھا ۔ اس موقع پر ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے صدر ڈاکٹر غلام نبی میر، عالمی آگاہی تنظیم برائے جموں کشمیر کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی ، جارج ٹاون یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر امتیاز ، مرکز برائے خالصتان امور ڈاکٹر امرجیت سنگھ ، پاکستانی صحافی عارف الحق عارف، جے کے ایل ایف کے سردار حلیم خان ، بھارتی جیل میں قید کشمیر رہنما مسرت عالم بٹ کے نمائندے سلیم خان ، سردار ساجد سوار ، آمنہ حبیب ، خالد اعوان ، سردار شعیب ارشاد،سردار نزیر خان ، سردار زبیر خان ، محمود حسین ، روبینہ خان ، ، عمر حیات ، یاسر مقصود ، وسیم مقصود ، سردار مشتاق ، سردار حبیب الرحمن ، داد مقصود ، ظفر حقانی ، محمود اکبر ، عرفان میر ، عمر حیات ، آزاد گیلانی ، محمد عظیم ، یاسر مقصود ، نسیم مقصود ، عبد اللہ خان ، سلطان خان ، حبیب ، اور سردار امتیاز گڑالوی نے بھی خطاب کیا ۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ جموں کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت نہ دیا گیا تو جنوبی ایشیائی خطے میں پائیدار امن خطرے میں پڑ جائے گا ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔۔ ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے صدر ڈاکٹر غلام نبی میر نے کہا کہ 13 جولائی کو ، پوری دنیا میں مقیم کشمیری سرینگر میں کشمیری مسلمانوں کے پہلے قتل عام کے شہدا کی یاد میں یوم شہدائے کشمیر کا دن مناتے ہیں ۔ حصول آزادی کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد مین 1947 کے بعد ایک لاکھ سے زیادہ کشمیری شہید ہوچکے ہیں، بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام اور انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ آزادی کشمیر کے حق میں اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائیڈن انتظامیہ سے ہماری اپیل ہے کہ وہ بھارت ، پاکستان اور مسئلہ کشمیر کے حقیقی نمائندوں کو مسلہ کشمیر کے پرامن حل میں مدد دیں ۔