اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ملک بھر میں کورونا کے وار جاری ہیں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا نے 39 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا جب کہ 3262 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 49 ہزار 412 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3262 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 1,011,708 ہوگئی ہے جن میں سے 928,722 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 39 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 087 ہوگئی ہے۔ جب کہ مثبت کیسز کی شرح 6.6 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔