ای وی ایم الیکشن کمیشن کے معیار پر پورا اترتی ہے،ہیک کرنا ممکن نہیں،شبلی فراز
اسلام آباد( ویب نیوز)
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا وعدہ تھا کہ الیکشن کو شفاف بنائیں گے، ای وی ایم الیکشن کمیشن کے معیار پر پورا اترتی ہے،اس کو ہیک کرنا ممکن نہیں ۔ الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ایسی مشین تیار کروائی جو الیکشن کمیشن کے معیار پر پورا اترتی ہے، پاکستان میں انتخابات ہمیشہ تنازعات کا شکار ہوتے ہیں، پرانے طریقہ کار سے وہ نتائج حاصل نہیں ہوئے کہ شفافیت کو برقرار رکھا جاسکے، اس ٹیکنالوجی کا مقصد یہ ہے کہ الیکشن میں ہارنے والا ہار تسلیم کرے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کے حساب سے بھی یوزر فرینڈلی مشین ہے، الیکشن کمیشن کا سٹاف بھی مشین کے عمل کو آسانی سے سمجھ سکے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ہیک کرنا ممکن نہیں ہے۔