اسلام آباد (ویب ڈیسک)
افغانستان میں انتقال اقتدار کے سلسلے میں پاکستان نے ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جلد 4 ہمسایہ ممالک کا دورہ کریں گے، ان دوروں کے دوران شاہ محمود افغان صورت حال اور انتقال اقتدار سے متعلق گفتگو کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ جن چار ممالک کا دورہ کریں گے ان میں ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران شامل ہیں، وزیر خارجہ کا یہ دورہ 25 اگست سے 27 اگست تک ہوگا۔وزیر خارجہ پاکستان اپنے دوروں میں افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کے قیام کی خواہش کا اعادہ کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ کے 4 ملکی دورے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔