مجموعی حجم84کھرب روپے سے کم ہو کر 83کھر ب روپے کی سطح پر آگیا ۔61.49فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں
کراچی (ویب ڈیسک)
ایک روزہ تیزی کے بعد منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل چھا گئے ،کے ایس ای100انڈیکس 200پوائنتس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 48ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گھٹ کر 47800پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے40ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم84کھرب روپے سے کم ہو کر 83کھر ب روپے کی سطح پر آگیا ۔کاروباری مندی کے سبب61.49فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔منگل کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ کاروبار کے آغاز سے ہی مندی کی لپیٹ میں رہی،منافع خوری کی خاطر فروخت کے دبائو کے سبب کے ایس ای100انڈیکس 48100،48000،47900اور47800پوائنٹس کی4نفسیاتی حدسے گر گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 283.50پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس48112.21پوائنٹس سے گھٹ کر 47828.71پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 171.43پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 19337.45پوائنٹس سے کم ہو کر 19166.02پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32816.59پوائنٹس سے گھٹ کر 32659.55پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری سرگرمیوں میں مندی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں40ارب19کروڑ48لاکھ33ہزار237روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم84کھرب 6کروڑ79لاکھ 51ہزار465روپے سے گھٹ کر83کھرب59ارب87کروڑ31لاکھ 18ہزر228روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 13ارب روپے مالیت کے 39کروڑ49لاکھ53ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 14ارب روپے مالیت کے 39کروڑ76لاکھ 96ہزار حصص کے سود ے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مجموعی طور پر483کمپنیوں کا کاروبار ہو ا جس میں سے 171کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،297میں کمی اور15کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام 4کروڑ36لاکھ ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ 3کروڑ9لاکھ ،غنی گلوبل 2کروڑ56لاکھ ،بینک آف پنجاب 2کروڑ27لاکھ اور ازگارڈ نائن 1کروڑ87لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے پاک سروسزکے حصص کی قیمت میں75.00روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے اسکے حصص کی قیمت بڑھ کر1075.00روپے ہو گئی اسی طرح44.99روپے کے اضافے سے فلپ مورس پاک کے حصص کی قیمت974.99روپے پر جا پہنچی جبکہ سیفائر فائبر کا بھائو34.99روپے گھٹ گیا جس سے اسکے حصص کی قیمت865.01روپے ہو گئی اسی طرح 27.51روپے کی کمی سے پاک ٹوبیکوکے حصص کی قیمت 1186.00روپے پر آگئی ۔