اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کو دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔ پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں، دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان براہ راست افغانستان کے کسی مسئلے میں ملوث نہیں، ہم نے امریکا کا اتحادی ہونے کی بڑی قیمت ادا کی، ہم نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی اور لاکھوں افراد معذور ہوئے، پاکستان دنیا کے ساتھ کھڑا ہے، افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے ، حکومت پاکستان نے افغانستان میں انخلا کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، طالبان نے عام معافی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر افغان مہاجرین کا کوئی بوجھ نہیں ، طورخم اور چمن کے راستے کاروبار میں 15 فیصد اضافہ ہوا، 1500 لوگ طورخم سے ویزا کے ذریعے آئے جن میں افغانی شامل ہیں، ہمارا کام افغانستان سے آنیوالے غیر ملکیوں کو صرف طورخم پر پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، ٹی ٹی پی کو پاکستان میں دہشتگردی کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جملہ ایبسولوٹلی ناٹ دنیا بھر میں مشہور ہوا، بھارت کو منہ کی کھانا پڑی، افغانستان میں تمام بھارتی سفارتخانے پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہے تھے، بھارت سی پیک کیخلاف سازش میں ملوث ہے، افغانستان کی صورتحال پر بھارت کا پریشان ہونا لازمی امر ہے، بھارت میں جو صف ماتم بچھی ہوئی ہے، اس کا ساری دنیا کو احساس ہے، دنیا کی کوئی طاقت سی پیک میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ، 131 چینی کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں ہاتھ بڑھا رہی ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کے حالات خراب کرنے کے درپے ہیں، بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان دس سال آگے جب کہ اپوزیشن دس سال پیچھے کی سوچ رکھتی ہے، پی ڈی ایم میں مزید طاقت نہیں ،ان کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے، صرف مولانافضل الرحمان کو افغانستان کی صورتحال کا ادراک ہے لیکن پی ڈی ایم کے باقی کھلاڑی انڈر نائنٹین ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے 1122کے لیے پیسے دے دیئے ہیں، اسلام آباد میں سکیورٹی سے متعلق 8 ڈرون خریدے گئے ہیں، شہر میں ایک ہزار 92 کیمرے لگانے جارہے ہیں۔