مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی
مقبوضہ کشمیر کی تمام بڑی مساجد میں نماز جمعہ نہ ہوسکی

سری نگر( ویب نیوز ) قائد تحریک آزادی کشمیر شہیدسیدعلی گیلانی کی دوران حراست شہادت پر سخت عوامی ردعمل کو روکنے کے لیے  بھارتی حکام نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی لگا دی جس کی وجہ سے مقبوضہ کشمیرکے دارلحکومت سری نگر میں  جامع مسجد حیدر پورہ،جامع مسجد حضرت بل، جامع مسجد سمیت تمام بڑی مساجد میں  نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہو سکے۔ بھارتی حکام نے کرونا وبا کو جواز بنا کر نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی لگائی ۔کے پی آئی کے مطابق  حیدر پورہ سری نگر میںقائد تحریک آزادی کشمیر شہیدسیدعلی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ میں لوگوں کی شرکت سے روکنے کے لیے حیدر پورہ سیل کر دیا گیا تھا ۔ بھارتی حکام نے سری نگر میں بھاری فوجی نفری تعینات کر دی تھی ۔تحریک حریت جموں وکشمیرنے جمعہ کو حیدر پورہ میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ اداکرنے کی اپیل کی تھی ۔ بھارتی فورسز نے  پورے علاقے کو دوبارہ سیل کر دیااور شہریوں کی نقل وحرکت پر پابندی لگا دی  ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھی جمعہ کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ان کی قبر کی طرف ایک بڑا مارچ کرنے کی اپیل کی تھی ۔  یہ اعلان علی گیلانی کی جبری تدفین کے خلاف غم و غصے کے اظہار کیلئے جاری احتجاجی پروگرام کے تحت کیاگیا تھا ۔ مارچ کا مقصد جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے تجدید عہد کرنا بھی ہے ۔۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ، وقف بورڈ ، مفتی محمد فرید الدین نے کہا کہ حکام نے ان سے کہا ہے کہ وہ صرف 25 افراد کو نماز کے لیے جانے دیں گے  انہوں نے کہا کہ  جس مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع میں ایک ہزار افراد شامل ہوتے ہیں وہاں 25 افراد کو جانے دینے کا کیا مطلب ہے
#/S