اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ترجمان ایف بی آر اسد طاہر نے کہا ہے کہ کسی بھی عام پاکستانی پر ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکس بلحاظ جی ڈی پی 10.5 ہے جو خطے میں افغانستان کے بعد سب سے کم ہے۔ترجمان ایف بی آر اسد طاہر نے اس ضمن میں مثال دیتے ہوئے کہا کہ نیپال میں ٹیکس بلحاظ جی ڈی پی 19 فیصد اور افریقہ میں 16 فیصد سے زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو رسمی دستاویزی معیشت بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری لوگ اپنا کاروبار وسیع کرتے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے ہیں۔ترجمان ایف بی آراسد طاہر نے اعداد و شمار کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کو غیر رسمی بات چیت میں بتایا کہ اب تک 7 لاکھ 52 ہزار 174 افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اسد طاہر نے کہا کہ جو لوگ اضافی آمدن کماتے ہیں اور پروفیشنلز ہیں ان کے بجلی کے بلوں پر ٹیکس لگا ہے۔ ان کا دعوی تھا کہ کسی بھی عام پاکستانی پر ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے۔