چیف الیکشن کمشنر کوپنجاب کنٹونمنٹ بورڈبلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بریفنگ
پورے ملک خصوصا پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات منصفانہ طریقے سے منعقد کئے گئے۔ سکندر سلطان
لاہور( ویب نیوز)
چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان، سکندر سلطان نے جمعہ کو دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، لاہور کا دورہ کیااور12ستمبر کو منعقد ہونے والے پنجاب کنٹونمنٹ بورڈبلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ڈی بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں صوبہ پنجاب میں منعقد کئے گئے کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات سے متعلق انتظامی و دیگر امور کی انجام دہی میں کمی و بیشی پر سیر حاصل بحث کی گئی تاکہ مستقبل میں انتخابی عمل میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار نے چیف الیکشن کمشنر کو پنجاب کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں آگاہ کیا کہ پنجاب کے 12اضلاع کے اندر 20کنٹونمنٹ بورڈز کے 119وارڈز میں انتخابات منعقد کئے گئے۔ ان 119وارڈز میں سے 4نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع نہ ہوئے اور یہ خالی ہیں، 2وارڈز میں امیدواران کی فوتگی کے باعث انتخابات ملتوی کر دئے گئے جبکہ 2وارڈز پر امیدواران بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ صوبہ بھر میں انتخابات کیلئے 1,592,800بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے، جبکہ 1,620,195 رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے 1155پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے، جن میں سے 188انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن تھے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے مزید آگاہ کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈبلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد اب دوسرے مرحلے میں مخصوص نشستوں پر انتخابات منعقد کئے جائیں گے، جن میں منتخب جنرل ممبران بالواسطہ انتخاب اور سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے مخصوص نمائیندگان منتخب کریں گے۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے کہا کہ پورے ملک خصوصا پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات منصفانہ طریقے سے منعقد کئے گئے۔ واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر بذات خود تمام امور کی نگرانی اور مانیٹرنگ کر رہے تھے۔ اس دوران چیف الیکشن کمشنر تمام صوبائی الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کے ساتھ رابطے میں رہے اور اہم ہدایات جاری کرتے رہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب بھی اس سلسلے مین چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب اور سیکیورٹی ادارو ں کے سربراہان سے مسلسل رابطے میں رہے تاکہ شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں خصوصا وزارت دفاع، سیکیورٹی ادارے، اورسٹیشن کمانڈرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انتخابات کو پر امن بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔