کراچی: انٹر بینک میں ڈالر بلند ترین سطح 170 روپے پرجا پہنچا۔ نیا ریکارڈ قائم
منگل کے روز ڈالر 40 پیسے مہنگا ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران اوپن مارکیٹ میں 172 روپے سے بھی تجاوز کرگیا
کراچی( ویب نیوز)امریکی ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ تھم نہ سکا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 172 روپے سے بھی تجاوز کرگیا جبکہ انٹر بینک میں بھی ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 170 روپے پر جا پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق کرنسی مارکیٹ روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی ٹریڈنگ کے آغاز سے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر برقرار ہے ، ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 40 پیسے مہنگا ہوا ، جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 170 روپے پر پہنچ گیا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 60 پیسے کا اضافہ ہوا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 172 روپے 20 پیسے پر جا پہنچا۔ یاد رہے رواں سال 7 مئی کو انٹر بینک میں ڈالر 152.28 روپے پر تھا اور چار ماہ میں ڈالر17روپے سے زائد مہنگا ہوچکا ہے۔ خیال رہے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے ملک پر عائد واجب الادا قرضوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ڈالر کی قدر بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا، جس کے باعث درآمدی اشیا اور خام مال کی قیمت بڑھے گی۔