دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں بائی پاس نہیں کرسکتی،شیخ رشید
اے پی ایس کے بچوں کو قتل کرنے والوں کا کیس الگ ہے،جنہوں نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں ان سے لڑائی نہیں کریں گے
پاکستان چاہتا ہے افغانستان میں جامع حکومت ہو، عالمی منظر نامہ بدلنے جارہا ،مستقبل کی سیاست گہرے پانیوں کی ہے،میڈیا سے گفتگو
کراچی(ویب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں بائی پاس نہیں کرسکتی ، اے پی ایس کے بچوں کو قتل کرنے والوں کا کیس الگ ہے،جنہوں نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں ان سے لڑائی نہیں کریں گے ،افغان صورت حال پر پاکستان اور امریکی وزرا خارجہ رابطے میں ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیداحمد نے کہا کہ ہمیں گڈ اور بیڈ کا پتہ ہے اے پی ایس کے بچوں کے قاتلوں کا کیس الگ ہے، عالمی منظر نامہ بدلنے جارہا ہے،مستقبل کی سیاست گہرے پانیوں کی ہے، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں بائی پاس نہیں کرسکتی،امریکا اور چین سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان چاہتا ہے افغانستان میں جامع حکومت ہو، افغان صورت حال پر پاکستان اور امریکی وزرا خارجہ رابطے میں ہیں، ہم بھارت سے بھی کشمیر کے مسئلے پر بات کے لئے تیار ہیں،اگر بھارت بھی بات چیت سے مسئلے کے حل کے لیے آگے آئے گا تو اس سے بھی بات کی جائے گی۔ بھارت کو ندامت اٹھانے کے علاوہ کچھ نہیں ملا،
ملک کے دشمنوں سے کونے کونے میں نمٹیں گے۔امریکی صدر جو بائیڈن کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ کوئی ہمارے ملک آئے تو بسم اللہ، نہ آئے تو السلام علیکم، افغان صورت حال پر امریکی صدر کو نشانہ بنانا ناانصافی ہے، امریکی عوام افغانستان کی صورتحال سے بے خبر ہیں، بائیڈن خود اپنے لوگوں کو جواب دے۔انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کے تقرر کا فیصلہ ہوجائے گا، عمران خان کو مہنگائی کی فکر ہے ،عمران خان اس ملک کو ٹھیک کر رہا ہے، مہنگائی کو بھی کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، (ن)لیگ کنویں کی مینڈک ہے، پیپلزپارٹی سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھی ہوئی ہے۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر بات ہورہی ہے، ہمیں اچھے اور برے کا پتہ ہے، اے پی ایس کے بچوں کو قتل کرنے والوں کا کیس الگ ہے،جنہوں نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں ان سے لڑائی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی پر کارروائی کریں۔گندے لوگوں کو نکالا جائے گا۔ جعلی شناختی کارڈ کے الزام میں 19 لوگوں کو گرفتار کیا گیا، بعض وزرا نے بھی اپنے انگوٹھوں کے ذریعے شناختی کارڈ بنوائے۔mk