کورکمانڈرز کانفرنس ‘ بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا نوٹس
پاکستان کی علاقائی سالمیت کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے، شرکا ء کا عزم
پروپیگنڈا اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کی کوشش اوربھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے،آرمی چیف
بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث داخلی تضادات کا شکار ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ
راولپنڈی(ویب نیوز)کورکمانڈرز کانفرنس نے بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا نوٹس لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے،آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پروپیگنڈا اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کی کوشش اوربھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(ئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو)میں 244 ویںکورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا ء نے بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سلامتی پر خصوصی توجہ کے ساتھ خطے میں سکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا بھی نوٹس لیا گیا اور ملکی، علاقائی سالمیت کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا عزم ظاہرکیا۔کور کمانڈر کانفرنس میں آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے غیر ملکی افواج کے ساتھ تعاون اور مشترکہ مشقوں کے انعقاد میں اضافے پر زور دیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں صلاحیتوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث داخلی تضادات کا شکار ہے اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا بھارتی فوج کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے، بھارتی فوج کی ہرزہ سرائی داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے اور قربانیوں سے حاصل امن و استحکام کو تباہ کرنے کی سازش ناکام بنادیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کیلئے عالمی برادری کا تعاون ضروری ہے،افغانستان کے ساتھ عالمی تعاون خطے کے مفاد میں ہے۔مزید برآں کانفرنس میں بھارتی فوج کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا نوٹس لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔