انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کی انجام دہی میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان کا  ریجنل اور ضلعی الیکشن کمشنرز کیلئے خصوصی ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب

لاہور (ویب ڈیسک)

الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام شروع کر دیا۔ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی گھر گھر جاکر تصدیق کے ذریعے ہوگی تاکہ غلطیوں سے پاک انتخابی فہرست تیار کی جاسکے، پنجاب میں بلدیاتی اور آئندہ عام انتخابات کا دارومدار ان ہی انتخابی فہرستوں پر ہوگا۔الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کیلئے شیڈول بھی مقرر کردیا ہے جس کے تحت 7نومبر سے 6دسمبر تک گھر گھر جا کر ووٹرز کی تصدیق کی جائے گی جبکہ 13اپریل 2022 کو حتمی انتخابی فہرست شائع کر دی جائے گی۔انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے لیے ٹائون ہال لاہور میں ریجنل اور ضلعی الیکشن کمشنرز کیلئے خصوصی ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کی افتتاحی تقریب سے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کی انجام دہی میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔شفاف اور غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستوں کی تیاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ تمام ریجنل الیکشن کمشنرز اور ضلعی الیکشن کمشنرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے تمام عوامل کو شفافیت اورتندہی سے سرانجام دیں۔

ریجنل الیکشن کمشنرز اور ضلعی الیکشن کمشنرز فیلڈ میں کام کیلئے  عملے کی تعیناتی کے دوران اس بات کو ملحوظ خاطر رکھیں کہ تمام عملہ ایماندار، محنتی اور غیر جانبدار ہو۔ علاوہ ازیں تمام عملے کی تربیت کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ عملے کو انکی ذمہ داریاں اور الیکشن کمیشن کی ہدایات واضح طور پر معلوم ہوں اور کسی قسم کا ابہام نہ رہے۔اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی سے متعلق تمام عوامل اور مراحل الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ٹائم لائن کے مطابق مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں۔ غلام اسرار خان نے کہا کہ آ ئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل  کے تحت ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور نظر ثانی، ا لیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے لہذاالیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کاکام ڈور ٹو ڈور تصدیق کے ذریعے سر انجام دیا جائے تاکہ غلطیوں سے پاک اور شفاف انتخابی فہرستوں کی تیاری کو یقینی بنا یاجا سکے۔انہوں نے آگاہ کیا کہ صوبہ پنجاب میں آئندہ ہونیوالے بلدیاتی انتخابات اور 2023کے عام انتخابات کا دارومدار انہی انتخابی فہرستوں پر ہوگا۔ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کا باقاعدہ آغاز کیا جا چکا ہے۔ اس سلسلے میں ٹان ہال لاہور میں صوبہ پنجاب میں موجود تمام ریجنل اور ضلعی الیکشن کمشنرز کیلئے ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور گھر گھر جا کرووٹرز کی تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن نے ٹائم لائن بھی جاری کر دی ہے،  جس کے مطابق 8اکتوبر سے 6نومبر تک انتظامی امور مکمل کئے جائیں گے۔7نومبر سے 6دسمبر تک گھر گھر جا کر ووٹرز کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اس عمل کے بعد غیر تصدیق شدہ ووٹرز کی بذریعہ ٹیلی فون تصدیق کی جائے گی۔ 25جنوری 2022کو تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کو ابتدائی انتخابی فہرستیں مہیا کر دی جائیں گی۔ ابتدائی انتخابی فہرستیں 26جنوری کو ڈسپلے سنٹرز میں آویزاں کر دی جائیں گی، جبکہ 24فروری تک ان فہرستوں پر ووٹ درستگی کی درخواستیں اور اعتراضات جمع کروائے جاسکیں گے۔ 11 مارچ تک ان اعتراضات اور درخواستوں پر فیصلے کئے جائیں گے۔ 12 سے23مارچ تک تصحیح شدہ ووٹوں کا اندراج کیا جائے گا اور 13اپریل 2022کو حتمی انتخابی فہرست شائع کر دی جائے گی۔