کراچی (ویب ڈیسک)
سندھ ہائیکورٹ نے حکومت کو کرپٹو اور بٹ کوائن کو تین ماہ میں ریگولیٹ کرنے کا حکم دے دیا۔بدھ کو کراچی میں سندھ ہائی کورٹ میں ڈیجیٹل کرپٹو کرنسی پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت ایف آئی اے، سٹیٹ بینک کے نمائندے اور درخواست گزار پیش ہوئے۔عدالت نے حکومت کو کرپٹو اور بٹ کوائن کو تین ماہ میں ریگولیٹ کرنے اور وفاقی سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے 3 ماہ میں رپورٹ طلب کرلی۔عدالت نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کریپٹو کرنسی کو ریگولیٹ کرنے کے اقدامات کیے جائیں، کمیٹی میں ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک، وزارتِ قانون اور وزارت آئی ٹی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔ادھر لاہور ہائیکورٹ میں بھی کرپٹو ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ایس ای سی پی ،اسٹیٹ بنک ،ایف آئی اے اور وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے تمام اداروں سے کرپٹو ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق قانونی معاونت طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ادارے میٹنگ کے بعد عدالت میں کرپٹو ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق آئندہ قانونی نکات پیش کرے۔