فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کا مطلب پاکستان یورپی ممالک سے باہر ہوجائے گا ،شیخ رشید
کالعدم ٹی ایل پی کے مطالبے پر فرانسیسی سفیر کو نہیں نکال سکتے،مدینہ کی ریاست کیلئے وزیر اعظم عمران خان کام کررہے ہیں
جس قدر اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا کی توجہ حاصل ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں جمہوری اور سیاسی آزادیاں ہیں
ٹی ایل پی ہو یا پی ڈی ایم کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا، وزیرداخلہ کی پولیس پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے مطالبے پر فرانسیسی سفیر کو ملک سے نہیں نکال سکتے،فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کا مطلب ہوگا کہ پاکستان یورپی ممالک سے باہر ہوجائے گا۔اسلام آباد میں پولیس پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہاکہ اپوزیشن گزشتہ 3 سالوں سے احتجاج کر رہی ہے، اور اب جمعہ جمعہ کھیل رہی ہے، گزشتہ روز ان کاپہلا احتجاجی مظاہرہ تھا اور اس بات کی خوشی ہے کہ پی ڈی ایم نے میرے شہر کا انتخاب کیا، انہیں کہتا ہوں کہ بڑے شوق سے احتجاج کریں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں تو کوئی مسئلہ بھی نہیں ہوگا، اپوزیشن اگر انتخابات سے قبل انارکی پھیلائے گی تو خود اپنے لئے گڑھا کھودے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اس ملک میں جمہوری سیاسی آزادی ہے، ختم نبوت کا مجھ سے بڑا کوئی سپاہی نہیں، ختم نبوت پر مکمل یقین ہے اور اگر کوئی شخص مجھ سے بڑا دعویدار ہے جس نے ختم نبوت کے معاملے پر مجھ سے زیادہ قید کاٹی ہے تو مجھے بتائے میں گھر جا کر اس کو مبارک باد دوں گا۔ کالعدم تحریک لبیک کے مطالبے پر فرانسیسی سفیر کو ملک سے نہیں نکال سکتے، فرانسیسی سفیر کو نکالنے کا مطلب ہے کہ ہم یورپی یونین سے باہر ہوجائیں گے، انہوں نے کہا کہ فرانسیسی سفارتکار سے ہٹ کر ملک میں مدینہ کی ریاست کے قیام کے لیے وزیر اعظم عمران خان کام کررہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جس قدر اپوزیشن جماعتوں کو میڈیا کی توجہ حاصل ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں جمہوری اور سیاسی آزادیاں ہیں۔ٹی ایل پی ہو یا پی ڈی ایم قانون کو ہاتھ میں نہ لیا تو کچھ نہیں کریں گے اور اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔ملک کو اس وقت فیٹف سمیت دیگر مسائل لاحق ہیں، تمام مسائل پر قابو پائیں گے، کوئی یہ سمجھ رہا ہے کہ عمران خان کی مسائل پر نظر نہیں تو یہ بالکل غلط ہے عمران خان کی تمام صورتحال پر نظر ہے، کوشش یہی ہے کہ اپنے مقاصد کو ہم حاصل کریں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انتخابات آتے ہی بہت سے نئے اتحاد سامنے آئیں گے، ن لیگ دو حصوں میں تقسیم ہے اور الیکشن سے پہلے تیسری نون لیگ بھی وجود میں آنے کی توقع ہے، امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے ن اورش الگ الگ ہیں۔انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کے نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)کے تقرر کے نوٹی فکیشن سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بارے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری ہی آگاہ کرسکتے ہیں۔