وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے استعفی دے دیا

گورنر بلوچستان ظہور آغا نے جام کمال کا استعفی منظور کرلیا

وزیر اعلیٰ کے استعفی کے بعد صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی

 بہت سی سوچی سمجھی سیاسی رکاوٹوں کے با وجود میں نے بلوچستان کی مجموعی حکمرانی اور ترقی کے لیے اپنا وقت اور توانائی کو ایک سمت رکھا،جام کمال

کوئٹہ(ویب  نیوز)وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے استعفی دے دیا۔ گورنر ہائوس سیکرٹریٹ کے مطابق گورنر بلوچستان ظہور آغا نے جام کمال کا استعفی منظور کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے استعفی کے بعدصوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ۔بلوچستان کے گورنر کے ترجمان پائند خان خروٹی نے بیان میں کہا کہ جام کمال خان نے اپنا استعفی گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا کو جمع کرا دیا ، گورنر بلوچستان نے جام کمال کا استعفی منظور کر لیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں جام کمال نے کہا کہ بہت سی سوچی سمجھی سیاسی رکاوٹوں کے با وجود میں نے بلوچستان کی مجموعی حکمرانی اور ترقی کے لیے اپنا وقت اور توانائی کو ایک سمت رکھا۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ احترام کے ساتھ چھوڑنا چاہوں گا اور خراب حکمرانی کی تشکیل کے ساتھ ساتھ ان کے مالیاتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بننا چا ہوں گا۔ قبل ازیں اتوار کووزیراعلی بلوچستان جام کمال نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان وفاقی وزرا ء کو بلوچستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے روکیں۔جام کمال نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ وفاقی وزرا پی ٹی آئی بلوچستان کو اپنا کردار ادا کرنے کا موقع دیں، میں نے اپنا اختیار اپنے گروپ بی اے پی کے اراکین اور اتحادیوں کو دیا، موجودہ منظرنامے میں جوبھی بہتر ہو گا وہ فیصلہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ناراض ممبران سے حکومت بنتی ہے تو اپوزیشن میں بیٹھنے کو تیار ہیں، اقتدار اور لالچ کے بھوکے اپنا یہ شوق بھی پورا کرلیں، صوبے کو آنیوالے دنوں میں جو بھی نقصانات ہونگے اس کے ذمہ دار ناراض گروپ اور چند مافیاز ہونگے۔