وزیراعظم عمران خان سے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی جان کیری کی ملاقات
قابل تجدید توانائی منصوبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق
وزیراعظم نے جان کیری کو ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستانی اقدامات سے آگاہ کیا
ریاض (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان سے امریکی صدرجوبائیڈن کے نمائندہ خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی جان کیری نے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ کے موقع پر ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے جان کیری کو ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستانی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے 10 بلین ٹری منصوبہ شروع کیا ہے ۔ عمران خان نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور امریکہ کو باہمی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے ۔ امریکہ آئی ڈی ایف سی کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے ۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہاکہ پاکستان پرامن و مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور امن و سلامتی کیلئے عالمی برادری کردارادا کرے۔ افغان عوام کی بہبود کیلئے معاشی وسائل کی فراہمی کے ساتھ منجمد مالی اثاثے بحال کیے جائیں۔جبکہ جان کیری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کی طویل المدت شراکت داری ہے۔ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے قابل تجدید توانائی منصوبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔