ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ آنے کے بعد عمران خان استعفیٰ دیں،شہباز شریف
وٹ چوری ثابت ہوچکی ، عمران نیازی بتائیں، کس چیز کا انتظار ہے، اب کارروائی کی جائے
نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لئے بڑا دل گردہ چاہئے
لاہور(ویب نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے رپورٹ کے آنے کے بعد استعفیٰ دیں اور قانون کا سامنا کریں۔ڈسکہ الیکشن کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے سرمائے کی طرح لوگوں کے ووٹ اور اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار بھی لوٹنے اور چھننے کی کوشش ہو رہی ہے، ڈسکہ رپورٹ آگئی اور ووٹ چوری ثابت ہوچکی ہے، عمران نیازی بتائیں اب کس چیز کا انتظار ہے، اب کارروائی کی جائے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو قانون، جمہوریت اور سیاسی اخلاقیات کا ذرا بھی احترام ہے تو اس رپورٹ کے آنے کے بعد استعفیٰ دیں اور قانون کا سامنا کریں، نواز شریف کی طرح وزیراعظم ہو کر قانون کا سامنا کرنے اور پیشیاں بھگتنے کے لئے بڑا دل گردہ چاہئے، اگر عمران نیازی طاقتور ہیں تو خود کو قانون کے نیچے لائیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ڈسکہ میں ووٹ چوری پکڑے جانے کے بعد عمران خان نیازی کو سیاہ انتخابی اصلاحات اور الیکڑانک ووٹنگ مشین کی ضرورت پڑی، لیکن ہم انتخابی اصلاحات، الیکڑانک ووٹنگ مشین اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے پاکستان، عوام اور آئین کے خلاف سازش کا بھرپور مقابلہ کریں گے، سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر عوام کو غلام بنانے کا موجودہ حکومت کا سیاہ منصوبہ ناکام بنائیں گے، یہ بھیانک سازش بھی اس سیاہ مزاج حکومت اور اس کے سیاہ ناموں کے ساتھ ہی تاریخ میں دفن ہوگی۔mk