اسلام آباد( ویب نیوز )قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(NUST) کا دورہ ۔ ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری سے ملاقات ۔ صنعتی شعبے کے فائدے کے لیے تحقیقی اقدامات کو فروغ ‘ صنعت کے اہم مسائل کو حل کرنے اور صنعتی کارکردگی کو بہتر بنانے مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر مل کر کام کرنے سمیت، ورکشاپس، سیمینارز اور کاروباری مقابلوں کے انعقاد پر اتفاق۔ ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی لیفٹننٹ جنرل جاوید محمود بخاری نے قربان علی کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا اور تحقیق، آئی ٹی ، ریسرچ اور مختلف کورسز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(NUST) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ برآمدات کو بہتر بنانے کے لیے صنعتی اکائیوں کو ویلیو ایڈڈ اور معیاری مصنوعات کی ترقی میں فعال بنانے کے لیے تحقیقی منصوبوں کے انعقاد کے لیے مضبوط انڈسٹری اور اکیڈمی روابط بہت اہم ہیں۔ قربان علی نے کہا کہ تحقیق، کمرشلائزیشن، انڈسٹری وزٹ اور NUST کے طلبا، گریجویٹس اور فیکلٹی کی تقرری کے لیے دونوں کے درمیان تعاون کی راہ ہموار کرنے کیلئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کی صنعت و تجارت کی بہتری ، اپگریڈیشن کیلئے یونیورسٹی کی تحقیق سے فوائد حاصل کرنے کیلئے نسٹ یونیورسٹی کیساتھ معاہدہ کرے گا ۔یہ ایم او یوNUST کے محققین کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے صنعتوں کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کے حوالے سے انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو صنعتی شعبے کے اہم مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے عملی تحقیق پر توجہ دینی چاہیے اور صنعتی استعداد کار میں اضافہ کرنا چاہیے جس سے برآمدات کے فروغ کے لیے مزید آسانیاں پیدا ہوں۔قربان علی نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی طلبا کو انٹرن شپ فراہم کرنے اور مقامی صنعت میں ان کی ملازمت کے تقرر میں نسٹ کے ساتھ تعاون کرے گا۔ایف پی سی سی آئی اور نسٹ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے جس کا مقصد مقامی صنعت کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط، ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ منصوبوں اور صنعتی ترقی سمیت طلباء کو بہترین مواقع فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹز کو ملازمتیں فراہم کرنے اور طلبا کو ان کے متعلقہ شعبوں میں تجربہ حاصل کرنے کے لیے انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے کے لیے صنعت اور اکیڈمی کے مضبوط روابط بہت اہم ہیں۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ریکٹر NUST لیفٹیننٹ جنرل جاوید محمود بخاری نے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے سب سے بڑے ادارے ایف پی سی سی آئی اور نسٹ یونیورسٹی کے مابین معاہدہ کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے دوررس نتائج برآمد ہونگے اور پاکستان کی صنعتی و تجارتی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے پاس تیکنیکی مہارت ، جدید ٹیکنالوجی ، ریسرچ سمیت مختلف شعبوں سے بھرپور فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہمیں ان سے استفادہ حاصل کرنا چاہیے ۔جاب فیئرز، ورکشاپس، سیمینارز اور کاروباری مقابلوں کے انعقاد سے تعلیمی اداروں اور صنعتوں کو قریب لاکر ملک کو بہترین ٹیلنٹ فراہم کر سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ NUSTاپنے طلبا کو تاجروں کے لیے بنیادی توجہ کیساتھ بہترین انتخاب کے طور پر تیار کر رہا ہے۔ مفاہمت کی یادداشت صنعت اور اکیڈمی کے درمیان خلیج کو ختم کرے گی اور دونوں اطراف کے لیے فائدہ مند نتائج پیدا کرے گی۔
—
—