یورپ میں کورونا سے مزید 5 لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ہے،ڈبلیو ایچ او
کووڈ 19 ہمارے خطے میں ایک بار پھر ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ بن گیا ہے، ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر جان کلیوگ
لندن(ویب نیوز) عالمی ادارہ صحت نے یورپ میں کورونا وائرس کی نئی لہر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یورپ میں مارچ تک کم ازم کم مزید 5 لاکھ افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کردیا۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر جان کلیوگ نے خبردار کیا کہ اگر کوئی فوری ایکشن نہیں لیا گیا تو یورپ میں کورونا وائرس کی نئی لہر سے مارچ تک مزید پانچ لاکھ افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے جس کی وجہ ویکسین کی قلت، سردیوں کی آمد اور علاقائی سطح پر میل جول سے ڈیلٹا ویرینٹ کا مزید پھیلائو ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ماسک پہننے کے عمل میں اضافہ کورونا کے پھیلا ئوکو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے جبکہ ویکسین کی بھرپور طریقے سے فراہمی، عوام پر کورونا کے قواعد کا نفاذ اور کورونا وائرس کے جدید طریقوں سے علاج کی مدد سے کورونا کی تازہ لہر سے لڑا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر جان کلیوگ نے کہا کہ کووڈ 19 ہمارے خطے میں ایک بار پھر ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ بن گیا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں وائرس سے لڑنے کے لیے کیا کرنا ہے، ویکسین کو لازمی قرار دینا ہمارا اس لڑائی میں آخری حربہ ہونا چاہیے لیکن اس سے قبل ہمیں ویکسی نیشن کے معاملے پر سوشل اور قانونی فورمز پر بروقت بحث کرانی چاہیے۔واضح رہے کہ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کئی ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے کے سبب جزوی اور مکمل لاک ڈان کا نفاذ پھر سے شروع ہوچکا ہے۔