افغانستان میں امن کیلئے پاکستان، امریکا کو روابط بڑھانے ہوں گے، عمران خان
انسانی بحران اور معاشی تباہی روکنے کیلئے افغان عوام کی مالی مدد کرنے کی فوری ضرورت ہے
وزیراعظم کی ہائوس فارن افیئرز کمیٹی کے چیئرمین گریگوری میکس کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کو افغانستان میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے روابط بڑھانے ہوں گے، انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر افغان عوام کی مالی مدد کرنے کی فوری ضرورت ہے۔وزیراعظم عمران خان سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی، وفد نے ہائوس فارن افیئرز کمیٹی کے چیئرمین گریگوری میکس کی قیادت میں ملاقات کی،وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عمران خان نے دونوں اراکین کانگریس کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا، وزیراعظم نے امید ظاہر کی یہ نہ صرف پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنے گا۔اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقین نے اور امریکا کو دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ صحت، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں تعاون کرنا چاہیے۔اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دورہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ امید ہے دونوں ممالک کے درمیان مزید اعلیٰ سطح تبادلے ہوں گے جو تعلقات کو مضبوط بنائیں گے۔ پاکستان اور امریکا کو افغانستان میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر افغان عوام کی مالی مدد کرنے کی فوری ضرورت ہے اور افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں تاکہ ہمسایہ ملک میں فوری معاشی بوجھ اور چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔