سڑکوں پر آمدورفت متاثر، مسافر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت
لاہور،پشاور (ویب ڈیسک)
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافے کے سبب موٹر وے ایم ون پشاور سے رشکئی تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ، موٹر وے ایم 3 فیض پور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند رہی ، سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہو ئی،۔ موٹر وے پولیس کے مطابق یہ اقدام موٹر وے استعمال کرنیوالوں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے ، موٹر وے حکام نے عوام کو دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
لاہور سموگ کی لپیٹ میں ،اے کیو آئی398پرپہنچ گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سموگ نے ڈیرے ڈال لئے، جہاں ائیر کوالٹی انڈیکس مجموعی طور پر 398 پر پہنچ گیا، شہری آنکھوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔لاہور کے علاقے گلبرگ میں 728، کوٹ لکھپت میں 652، گورومانگٹ روڈ پر 596 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح کوٹ لکھپت میں 652، ماڈل ٹائون میں 572، ظہور الٰہی روڈ پر ائیر کوالٹی انڈیکس 516 تک پہنچ گیا۔ ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں 523 اور ڈی ایچ اے فیز 8 کے علاقوں میں 449 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔