منی بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا،سراج الحق
حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے
گورنر پنجاب نے بھی آئی ایم ایف کے ہاں سب کچھ رکھوانے کا اعتراف کرلیا ہے،ملک کو صرف جماعت اسلامی بحرانوں سے نکال سکتی ہے
امیر جماعت اسلامی پاکستان کی پریس کانفرنس
پشاور( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور مہنگائی نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں جبکہ حکومت اور پی ڈی ایم ایک دوسرے کو این آر او دے چکے ہیں اور ایک دوسرے کے خلاف بیانات صرف کارکنوں کے اطمینان کے لئے ہیں ۔خیبرپختونخوا کے 17اضلاع میں جماعت اسلامی کے 123کونسلر اور چیئرمین بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں ۔19دسمبر کو بھی پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھر پور کامیابی حاصل کریں گے ۔سونامی ایک تباہی ہے جس نے عوام کا سکھ چین چھین لیا ہے اور لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے بھی ترس رہے ہیں ۔اب گورنر پنجاب نے بھی آئی ایم ایف کے ہاں سب کچھ رکھوانے کا اعتراف کرلیا ہے ۔ملک کو موجودہ تمام مسائل اور بحرانوں سے جماعت اسلامی ہی نکال سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ لیا ہے اور آئی ایم ایف کی ایماء پر عوام پر مہنگائی کا طوفان مسلط کر دیاگیا ہے جبکہ گورنر پنجاب نے بھی آئی ایم ایف کے ہاں سب کچھ رکھوانے کا اعتراف کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منی بجٹ تیارہے جس سے مزید مہنگائی بڑھے گی تاہم عوام میں مہنگائی برداشت کرنے کی مزید سکت نہیں رہی۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ منی بجٹ مستردکرتے ہیںکیونکہ یہ عوام کو مزید مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دے گا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کواب سونامی کامطلب پتاچلاکہ اس کامطلب مہنگائی اور عالمی اداروں کی غلامی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں دوکروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہیںاور مافیاز کاراج ہے۔ پی ٹی آئی نے ان مافیاز کوتحفظ فراہم کیاہے۔ انگریز کے جانے بعد ان کے ایجنٹ یہاں مسلط ہیں ۔تمام ادارے تباہ ہیں۔ کرپٹ مافیااور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ سودی نظام نے پاکستان کوتباہ کردیاہے۔ ملکی مسائل کاحل اسلامی نظام میں ہے اورہم اس کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے بھی اس عرصہ میں پی ٹی آئی کاساتھ دیا۔ ان کے بیانات ہوائی فائرنگ ہے۔ یہ ایک دوسرے کو این آراو دے چکے ہیں۔ بیانات صرف ورکروں کے اطمینان کے لیے ہیں۔ ان حالات میں جماعت اسلامی ہی ملک کومسائل سے نکال سکتی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے مردان کے عاقب اسماعیل کی جماعت اسلامی میں شمولیت پر انہیں مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پشاورسے بلامقابلہ منتخب ہونے والے امیدواروں کو بھی مبارک باد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں جماعت اسلامی کے 123 کونسلر اورچیئرمین بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیںاور 19دسمبر کو ہونے والے انتخابات میں بھی بڑی کامیابی حاصل کریں گے ۔