پیغامات سربیا سفارتخانے کے نہیں ،اکائونٹس ہیک کر لئے گئے ،دفترخارجہ کا وزیر اعظم پر تنقیدی ٹوئٹ پر بیان
مہنگائی سارے ریکارڈ توڑ رہی ہے،وزیراعظم عمران خان آپ کیا توقع رکھتے ہیں ہم سرکاری حکام خاموش رہیں گے،سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا احتجاج
تین مہینے کی تنخواہ نہ ملنے کے باوجود کام کرتے رہیں گے ، فیسوں کی عدم ادائیگی پرہمارے بچے سکولوں سے نکالے جارہے ہیں،کیا یہ ہے نیا پاکستان؟
سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے گلوکار سعد علوی کا طنزیہ گانا آپ نے گھبرانا نہیں ہے بھی ٹوئٹ کیا گیا
اسلام آباد (ویب نیوز)
دفتر خارجہ نے سربیا میں پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ سے مہنگائی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف وزیر اعظم پر تنقیدی ٹوئٹ پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سفارتخانے کے سوشل میڈیا اکائونٹس ہیک کر لیے گئے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام اکائونٹس ہیک کر لیے گئے ہیں اور ان اکائونٹس سے پوسٹ کیے گئے پیغامات سفارتخانے کے نہیں ہیں۔یورپی ملک سربیا میں پاکستان کے سفارتخانے نے 3ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پراحتجاج کیا ہے۔سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کے تصدیق شدہ ٹوئٹراکائونٹ سے کئے گئے ٹو یٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی سارے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان آپ کیا توقع رکھتے ہیں کہ ہم سرکاری حکام خاموش رہیں گے اور تین مہینے کی تنخواہ نہ ملنے کے باوجود کام کرتے رہیں گے۔ فیسوں کی عدم ادائیگی پرہمارے بچے سکولوں سے نکالے جارہے ہیں۔ کیا یہ ہے نیا پاکستان؟۔سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے گلوکار سعد علوی کا طنزیہ گانا آپ نے گھبرانا نہیں ہے بھی ٹوئٹ کیا گیا۔وزیراعظم کے ڈیجیٹل میڈیا فوکل پرسن ڈاکٹرارسلان خالد نے ٹویٹ میں کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق سربیا میں پاکستانی سفارتخانے کا ٹوئٹراکائونٹ ہیک کرلیا گیا ۔ وزرات خارجہ اس بارے میں انکوائری کررہی ہے۔