پی ٹی سی ایل گروپ کے سمٹ پروگرام 2021 میں 150 بہترین گریجویٹس کی شمولیت
اسلام آباد،(ویب نیوز )
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور یوفون نے اپنے سمٹ پروگرام کے پانچویں بیچ میں اس سال ملک بھر سے 150 باصلاحیت نوجوانوں کو بحیثیت مینجمنٹ ٹرینی شامل کیا ہے۔ ان نوجوان گریجویٹس کو پاکستان بھر کی صف اول کی جامعات سے منتخب کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹر میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ان امیدواروں کو تفصیلی جانچ پڑتال کے عمل سے گزار کر منتخب کیا گیا جن میں ان کا ڈیجیٹل جائزہ، ذہنی تجزیہ اور آن لائن گیمنگ کے چیلنجنگ ٹیسٹس اور ماہرانہ انٹرویو شامل ہیں۔
کامیاب امیدواروں کو ادارے سے متعارف کرانے کے لئے ہری پور میں ٹیلی کام اسٹاف کالج لے جایا گیا جہاں وہ ایک ماہ پر محیط معلوماتی اور تفصیلی کلاس روم تربیتی پروگرام کا حصہ بنے۔ اس تعارفی پروگرام کے ساتھ ہی انہیں پانچ ماہ دورانیہ کے لئے آن جاب ٹریننگ فراہم کی جائے گی جس میں ٹیلی کام انڈسٹری کے تجربہ کار ماہرین سے انہیں سیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس عمل میں انہیں اپنی شخصیت میں نکھار لانے اور رہنمائی کی فراہمی جامع حصہ ہوگی۔ وہ متنوع کلچر کے تجربے سے روشناس ہوں گے اور ان کے پاس کاروباری دنیا سے متعلق وسیع تجربہ حاصل ہوگا جس کی بدولت وہ پی ٹی سی ایل اور یوفون میں اپنے مستقبل کے فرائض کی انجام دہی خوش اسلوبی سے کر سکیں گے۔
پروگرام کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف ہیومن ریسورس آفیسر، سید مظہر حسین نے کہا، "پاکستان میں انتہائی باصلاحیت نوجوان بڑی تعداد میں موجود ہیں اور ہم ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور انہیں آگے بڑھانے کے لئے مناسب مواقع کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ ہم ان کی مہارتوں میں اضافے اور انہیں ترقی کے پلیٹ فارم کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات کے لئے پرعزم ہیں، جن کے نتیجے میں یہ گریجویٹس اپنی حقیقی صلاحیتوں کا اظہار کرسکیں گے اور کاروباری مہارت کے حصول، موثر رابطے سیکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے کاروباری رہنما بن سکیں گے۔”
پاکستان میں صف اول کے آئی سی ٹی خدمات فراہم کرنے والے اداروں میں شامل اور سماجی طور پر ذمہ دار کاروباری ادارہ، پی ٹی سی ایل گروپ اپنے ترقی پسندانہ کلچر کے عین مطابق مستقبل کی کاروباری دنیا کی قیادت کے لیے نوجوانوں کی تربیت میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔