پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے کمی کا اعلان
اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 140 روپے 82 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لٹر کمی کر دی گئی۔ لائٹ ڈیزل کی فی لٹرقیمت میں 7روپے ایک پیسے کمی کی گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 5 روپے فی لٹر سستا کیا گیا ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 137 روپے 62 پیسے فی لٹر ہو گئی۔دریں اثنائوزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے شہباز گل نے اپنی ٹویٹ میںکہاکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 140 روپے82 پیسے فی لیٹر ہوگی۔ان کا کہنا تھاکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 137روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 109 روپے53 پیسے فی لیٹر ہوگی۔شہباز گل کا کہنا تھاکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 107 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگی،ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز یکم جنوری تک ہوگیا ہے،واضح رہے کہ ایک روز قبل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری وزارت خزانہ کو ارسال کی تھی، جس میں عالمی مارکیٹ میں ہونے والی کمی کا تذکرہ بھی کیا گیا تھا۔عالمی مارکیٹ میں گزشتہ پندرہ روز کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوکر فی بیرل 74 ڈالر ز تک پہنچ گئیں، گزشتہ ماہ کی نسبت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی آئی۔حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے اور ٹیکس لیوی کی شرح کا جائزہ لینے کے بعد ہی نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر تک کمی کی سفارش کی تھی۔